ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاری مکمل کر لی
ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
(نیوز ڈیسک)امریکی اخبار نیویارک ٹائمز ے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اگر امریکہ اسرائیل کی جنگ میں شامل ہوتا ہے تو انٹیلی جنس رپورٹس ہیں کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملوں کے لیے میزائل اور دیگر عسکری سازوسامان تیار کر لیا ہے۔امریکی اڈوں پر حملہ عراق سے شروع ہو سکتا ہے اور ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی حکمت علمی اپنائے گا۔نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام میں جنگ کے دائرہ کار کے وسیع ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے کیونکہ اسرائیل وائٹ ہاؤس پر ایران کے خلاف مداخلت کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری ری ایکٹر تباہ کرنے پر غور کررہے ہیں۔اخبار کے مطابق زیر زمین فردو جوہری ری ایکٹر تک امریکا کا 30 ہزار پاؤنڈ وزنی سب سے بڑا بنکر بسٹر بم ہی پہنچ سکتا ہے۔ْ
واضح رہے کہ امریکہ نے تقریباً 3 درجن ری فیولنگ طیارے یورپ بھیجے ہیں، جو امریکی اڈوں کی حفاظت کرنے والے لڑاکا طیاروں کی معاونت کے لیے یا ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کی صورت میں بمبار طیاروں کی رینج بڑھانے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔