عمر بڑھنے کے ساتھ بالوں میں کمی قدرتی عمل ہے اور مردوں میں گنج پن کا امکان خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔ مگر طرز زندگی کے کچھ عناصر یا طبی مسائل کے نتیجے میں قبل از وقت بالوں سے محرومی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
گنج پن کا آسان اور مؤثر علاج دریافت
امریکا کے مایو کلینک کے مطابق جن افراد کو تناؤ کا بہت زیادہ سامنا ہوتا ہے ان کے بال بہت تیزی سے گرنے لگتے ہیں اور دوبارہ اگنے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ درحقیقت مردوں اور خواتین دونوں تناؤ کے نتیجے میں تیزی سے بالوں سے محروم ہونے لگتے ہیں۔
**تناؤ سے بالوں کی محرومی کا سامنا کیوں ہوتا ہے؟**
ذہنی، جذباتی یا جسمانی دباؤ کا باعث بننے والی ہر قسم کی تبدیلی کو تناؤ قرار دیا جاتا ہے۔ طویل المعیاد بنیادوں پر یا شدید تناؤ سے جسم اور دماغ پر سنگین منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
2021 میں چوہوں پر ہونے والی ایک تحقیق میں یہ دریافت کیا گیا کہ جب جسم میں تناؤ کا باعث بننے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح بڑھ جاتی ہے تو بالوں کی جڑوں کے افعال تھم جاتے ہیں یا غیر متحرک ہو جاتے ہیں۔ جب یہ افعال غیر متحرک ہوتے ہیں تو بالوں کی نشوونما نہیں ہوتی مگر بال ٹوٹتے رہتے ہیں۔
طویل المعیاد تناؤ کے نتیجے میں مدافعتی نظام ضرورت سے زیادہ متحرک ہو جاتا ہے جس کے باعث بھی گنج پن کا خطرہ بڑھتا ہے، خصوصاً مردوں میں سر کے کسی مخصوص حصے کے بال اڑ جاتے ہیں۔ اس کے لیے طبی زبان میں "الوپیشیا” کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
**تناؤ سے بالوں کی نشوونما کیسے متاثر ہوتی ہے؟**
ماہرین کے مطابق تناؤ کے نتیجے میں بالوں سے محرومی کی 3 اقسام کا خطرہ بڑھتا ہے:
**Telogen effluvium:** اس کے دوران بالوں کی جڑوں کے افعال غیر متحرک ہو جاتے ہیں، جس کے باعث برش کرتے ہوئے یا بال دھوتے ہوئے بہت زیادہ تعداد میں بال ٹوٹ جاتے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس قسم کی تشخیص ہونے پر علاج ممکن ہے۔
**الوپیشیا اریاٹا:** اس کے شکار افراد کے جسمانی خلیات بالوں کی جڑوں پر حملہ آور ہو جاتے ہیں جس سے سر کے مختلف حصوں سے بال اڑنے لگتے ہیں۔ اگر تناؤ کے نتیجے میں یہ مسئلہ ہو تو بالوں کی دوبارہ نشوونما ممکن ہے، مگر تناؤ پر قابو پانا ضروری ہو گا۔
**Trichotillomania:** اس میں تناؤ کے شکار افراد اپنے سر کے بال کھینچ کر توڑنے لگتے ہیں اور ایسا کرنے پر بال دوبارہ نہیں اگتے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔