نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کے معروف اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے لوک سبھا کے انتخابات کے دوران سیاست میں انٹری دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوک سبھا کے انتخابات اپنے تیسرے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ اس سلسلے میں آج 11 ریاستوں کی 93 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔
اسی دوران اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے بھی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل بی جے پی کے ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیکھر سمن نے بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ مجھے بھی کل تک اندازہ نہیں تھا کہ میں آج یہاں بیٹھ کر یہ اعلان کروں گا، زندگی میں کبھی بھی کچھ بھی ہوجاتا ہے۔ انہوں نے سیاست میں قدم رکھنے پر خدا کا شکر بھی ادا کیا۔
اس موقع پر قومی جنرل سکریٹری اور بی جے پی کے سینئر رہنما ونود تاوڑے اور نیشنل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے انچارج انیل بلونی بھی موجود تھے۔
