باکو(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر سے نتیجہ خیز ملاقات، 2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پا گئے

باکو میں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ملاقات کو انتہائی مثبت اور مفید قرار دیا گیا ہے، جس کے دوران دونوں ممالک نے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
معاہدوں پر دستخط آذربائیجان کے وزیر معیشت اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیے، جبکہ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان معاہدوں سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات میں تاریخی پیش رفت ہوئی ہے اور یہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
یہ معاہدے وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی ملاقات کے بعد طے پائے، جبکہ مکمل اور حتمی معاہدوں پر صدر علیوف کے آئندہ دورۂ پاکستان کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے بتایا کہ وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ انہوں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر صدر الہام علیوف کو مبارکباد دی اور پاکستان میں سرمایہ کاری پر آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
