عالمی یوم خواتین پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خواتین کو خراج تحسین
عالمی یوم خواتین پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خواتین کو خراج تحسین
اسلام آباد: عالمی یوم خواتین کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا تھا اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اقدامات سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے اور امتیازی قوانین اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے سبزیاں اور پھل بھی مہنگے ہو گئے
ان کا مزید کہنا تھا کہ مساوی حقوق سے خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے اور دیہی خواتین زراعت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی معاہدوں کا پابند ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ویمن امپاورمنٹ پیکج خواتین کی معاشی بہتری کے لیے اہم ہیں اور خواتین کو قرض، جائیداد اور روزگار تک برابر رسائی دینا ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاکستان کی ماؤں، بیٹیوں، بہنوں اور بیویوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین تعلیم، صحت، سرکاری خدمات، کاروبار، سائنس، فنون، کھیل اور دیگر تمام میدانوں میں اپنی صلاحیتوں سے ملکی ترقی کی رفتار تیز کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں اور ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی ترقی کے لیے ان کی حکومت کے وژن کا مرکز ہے اور حکومت خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے، تعلیم اور معاشی شراکت داری میں ان کی مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔