پاک امریکا تعلقات پر بھارت نے اعتراض نہیں کیا مگر ہم انکے خدشات سے آگاہ ہیں: امریکی وزیر خارجہ
پاک امریکا تعلقات پر بھارت نے اعتراض نہیں کیا مگر ہم انکے خدشات سے آگاہ ہیں: امریکی وزیر خارجہ
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھارت نے کوئی باضابطہ اعتراض نہیں کیا، تاہم ہم اس کے خدشات سے آگاہ ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث بھارت کے خدشات فطری ہیں، مگر بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ امریکا کے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں اور پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو وسعت دینا اسی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔
ملائیشیا میں آسیان سمٹ کا باقاعدہ آغاز،تھائی لینڈ اورکمبوڈیا میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط
انہوں نے کہا کہ بھارت کے بھی ایسے ممالک سے تعلقات ہیں جن کے ساتھ امریکا کے تعلقات محدود ہیں، لہٰذا پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھارت کے تعلقات کے نقصان پر نہیں سمجھنا چاہیے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا کی کوشش ہے کہ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ممالک کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دیا جائے۔ ان کے مطابق بھارت کی خارجہ پالیسی حقیقت پسندانہ ہے اور واشنگٹن نئی شراکت داریوں کے ذریعے خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ماضی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکا کے کردار کو سراہا، اور دونوں ممالک انسدادِ دہشت گردی سمیت کئی شعبوں میں دیرینہ تعاون رکھتے ہیں۔ روبیو کے مطابق پاک امریکا تعلقات میں حالیہ بہتری حوصلہ افزا ہے اور اس سے کسی تیسرے ملک کے مفادات متاثر نہیں ہو رہے۔