وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے، جہاں وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے، جو عالمی سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ماہرین کو یکجا کرنے والا ایک اہم بین الاقوامی فورم ہے۔
وزیراعظم ریاض میں سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں اقتصادی تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور پائیدار ترقی کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ پاکستان اس موقع پر عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اپنی معاشی صلاحیتیں، ترقیاتی ترجیحات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع پیش کرے گا۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت سینئر وزراء شامل ہیں۔ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو اجلاس کی مشترکہ قیادت کریں گے، جس میں دنیا بھر سے ممتاز رہنما اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔
یہ فورم سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم غیر منافع بخش ادارے "ایف آئی آئی انسٹی ٹیوٹ” کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد عالمی سرمایہ کاری، اختراع اور انسانیت کے مستقبل پر مبنی مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی سفارت کاری کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی و پائیدار ترقی کے شعبوں میں نئی راہیں کھولنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے