27 اکتوبر سیاہ ترین دن ، کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے ، صدر ، وزیراعظم

27 اکتوبر سیاہ ترین دن ، کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے ، صدر ، وزیراعظم

0

لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب، پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ سیاہ عقیدت اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منا رہے ہیں۔ اس دن کا مقصد بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کرنا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے عزم کو دہرانا ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی افواج نے سری نگر پر قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے بھارت کی 5 اگست 2019 کی کارروائیوں کو بھی غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر مظالم، املاک کی تباہی اور فوجی محاصرہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔
غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ، 17 ہلاک

صدر مملکت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ان مظالم پر جوابدہ ٹھہرائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، اور پاکستان کشمیریوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر کشمیری عوام کے زخموں کو تازہ کر دیتا ہے، کیونکہ 78 سال قبل بھارت نے اپنی افواج سری نگر بھیج کر کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو پامال کیا، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ حق ہے۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ کشمیر کے بغیر برصغیر میں پائیدار امن ممکن نہیں، اس لیے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا اور 24 کروڑ پاکستانی ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.