علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اور تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا ، شہباز شریف
علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اور تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا ، شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس نے باہمی بات چیت اور تعاون کا مؤثر موقع فراہم کیا ہے۔
اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اجلاس دو طرفہ اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور کنیکٹیویٹی کے نظام میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور پاکستان خطے میں معاشی ترقی اور رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
وہ کام جس سے آپ چائے کو صحت کیلئے مفید بنا سکتے ہیں
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ خطہ روڈ اینڈ بیلٹ انیشی ایٹو کے تحت علاقائی روابط کا مرکز بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور کراچی کی بندرگاہیں میری ٹائم سلک روڈ کا حصہ ہیں اور معیشت کی بڑھتی ہوئی اہمیت نے ان قدیم تجارتی راستوں کی قدر میں مزید اضافہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان ٹرانس افغان، اسلام آباد، تہران اور استنبول ریلوے کوریڈور پر کام کر رہا ہے، جو علاقائی رابطوں کے فروغ کے ذریعے تجارت، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ڈیجیٹل دور میں روابط صرف زمینی یا فضائی راستوں تک محدود نہیں بلکہ تکنیکی ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔ پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔