گلگت کے دنیور نالے میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے تلے دب کر 8 رضاکار جاں بحق

0

گلگت کے علاقے دنیور نالہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 8 مقامی رضاکار ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ ان پر آن گرا، جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

اسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں 8 رضاکار جاں بحق ہوئے جبکہ 3 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ خدشہ ہے کہ کچھ افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کی مدد سے ریسکیو کا عمل جاری ہے، جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق گلگت بلتستان موسمیاتی تبدیلیوں کی شدید لپیٹ میں ہے، جہاں گلیشیئرز کے پگھلنے سے آنے والے سیلاب تباہی مچا رہے ہیں۔ شیشپر نالے میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث نالے میں سیلاب آیا، جس نے اطراف کی آبادیوں اور زرعی زمینوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

سیلاب کے باعث درخت بہہ گئے ہیں اور قراقرم ہائی وے کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد شاہراہ ہنزہ ایک بار پھر بند کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق شاہراہ قراقرم کے متاثرہ حصے کی بندش کے باعث ہنزہ جانے والی ٹریفک کو نگر کے متبادل راستے سے گزارا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.