تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج اور جلسہ منسوخ کردیا

0

تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اسلام آباد میں 5 اگست کو ہونے والا احتجاج اور جلسہ منسوخ کر دیا ہے۔ اب احتجاج قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی بنیاد پر اضلاع اور قصبوں میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں احتجاجی سرگرمیاں روایتی میلوں ٹھیلوں جیسا رنگ اختیار کریں گی، جبکہ کسی بڑی ہنگامہ آرائی یا شور شرابے کا امکان کم ہے۔ پارٹی کی قیادت نے اگست کے احتجاجی منصوبے میں تبدیلی کرتے ہوئے اس تحریک کو اب 14 اگست تک جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حالیہ تحریک کا اصل مقصد بانی پارٹی کی رہائی ہے، نہ کہ جمہوریت کی بحالی، جیسا کہ بعض حلقے دعویٰ کر رہے ہیں۔

ادھر قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین، پارلیمانی پارٹی کی سربراہ اور دیگر کئی اہم رہنماؤں کی تلاش میں پولیس سرگرم ہے، جس کے باعث ان شخصیات کے پارلیمنٹ کے قریب آنے کا امکان انتہائی کم ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کا 18 واں اجلاس آج (پیر) پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو رہا ہے، جہاں تحریک انصاف کے احتجاجی نعروں کے باوجود امکان ہے کہ اجلاس کے پہلے روز کوئی ہنگامہ آرائی یا غیر معمولی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔

قومی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل سید طاہر حسین کی جانب سے اجلاس کے پہلے دن کے لیے حکومت کی فراہم کردہ 32 نکاتی تفصیلی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.