کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی اور حکومت کی ترجیح ہیں، اسحاق ڈار

0

پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جب ان سے بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ جب ہم کسی کیس پر بات کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ قانونی عمل اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، "اگر کسی کو انگریزی نہیں آتی تو اس میں میرا کیا قصور؟”

اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر خط لکھا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دو روز قبل ان کی بہن سے ملاقات بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور قانونی کوشش کی ہے اور کر رہا ہے۔”

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ان کے حالیہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک میں عمران خان کے کیس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے صرف قانونی عمل کی بات کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہر دور حکومت میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے مکمل سفارتی اور قانونی معاونت فراہم کی جاتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.