امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ستمبر میں پاکستان آنے کا امکان، تیاریاں شروع

0

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں سال ستمبر میں جنوبی ایشیا کے دورے کے دوران پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر 18 ستمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے اور بعد ازاں بھارت روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ دہلی میں ہونے والی "کواڈ لیڈرز سمٹ” میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گے۔ دہلی روانگی سے قبل ان کا مختصر قیام اسلام آباد میں متوقع ہے، جہاں وہ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس متوقع دورے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا پاکستان آنا ایک خوش آئند خبر ہے۔ ان کے مطابق فی الحال یہ اطلاعات ذرائع سے سامنے آئی ہیں اور حتمی تصدیق وزارت خارجہ ہی کرے گی۔

شیری رحمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر امریکی صدر پاکستان اور بھارت دونوں کا دورہ کرتے ہیں تو باہمی تنازعات، بالخصوص کشمیر اور سیزفائر کی صورتحال پر بات چیت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ خطے میں بہتری اور کشیدگی میں کمی کی جانب ایک مثبت قدم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر ایک نازک مرحلے میں ہے، جبکہ دنیا میں ٹیرف اور تجارتی تنازعات پر امریکہ کا کردار بھی اہمیت رکھتا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ صدر ٹرمپ ان معاملات پر لچکدار رویہ اختیار کریں گے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ متوازن تعلقات خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہیں اور پاکستان کے لیے سفارتی سطح پر یہ دورہ ایک اہم موقع ہو سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.