وفاقی حکومت نے پیٹرول و ڈیزل پر فریٹ مارجن میں اضافہ کردیا
عوامی ریلیف کی امیدوں کے برعکس، وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ فریٹ مارجن میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر فریٹ مارجن 6 روپے 4 پیسے اور ڈیزل پر 8 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔

حکومت نے گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے 37 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا تھا، جس کا اطلاق آج سے آئندہ 15 روز کے لیے کیا گیا ہے۔
تازہ ترین سرکاری دستاویزات کے مطابق، اگرچہ پیٹرولیم لیوی کو گزشتہ سطح پر برقرار رکھا گیا ہے، تاہم ترسیلی لاگت یعنی فریٹ مارجن میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق:
-
پیٹرول پر فریٹ مارجن 2 روپے 9 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 4 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا۔
-
ڈیزل پر فریٹ مارجن میں 1 روپے 93 پیسے کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 8 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔
دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پیٹرول پر مجموعی طور پر 103.42 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر 97.56 روپے فی لیٹر ٹیکسز، ڈیوٹیز اور دیگر مارجن کی مد میں عوام سے وصول کیے جا رہے ہیں۔
مزید تفصیلات درج ذیل ہیں:
پیٹرول پر عائد چارجز:
-
پیٹرولیم لیوی: 75 روپے 52 پیسے
-
کلائمیٹ سپورٹ لیوی: 2 روپے 50 پیسے
-
فریٹ مارجن: 6 روپے 4 پیسے
-
ڈسٹری بیوٹرز مارجن: 7 روپے 87 پیسے
-
ڈیلرز مارجن: 8 روپے 64 پیسے
-
سیلز ٹیکس: صفر
ڈیزل پر عائد چارجز:
-
پیٹرولیم لیوی: 74 روپے 51 پیسے
-
فریٹ مارجن: 8 روپے 89 پیسے
-
ڈسٹری بیوٹرز مارجن: 7 روپے 87 پیسے
-
ڈیلرز مارجن: 8 روپے 64 پیسے
-
سیلز ٹیکس: صفر
ماہرین کے مطابق فریٹ اور دیگر مارجن میں اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑے گا، جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔
