عمران خان مکمل صحت مند ہیں، ان کے تمام اعضاء رئیسہ کا معائنہ کیا جاتا ہے: اڈیالاجیل انتظامیہ

0

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل انتظامیہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات دستیاب ہیں اور ان کی صحت مکمل طور پر تسلی بخش ہے۔

انتظامیہ کے مطابق، عمران خان کے تمام اہم جسمانی نظاموں (اعضاء رئیسہ) کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جاتا ہے اور رپورٹ کے مطابق وہ کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ان کی صحت مقررہ طبی معیار کے عین مطابق ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جن سہولیات تک رسائی حاصل ہے، وہ عام بی کلاس قیدیوں کو دستیاب نہیں ہوتیں۔ ان سہولیات میں معیاری خوراک، اخبارات و کتب کا مطالعہ، ورزش، اور واک شامل ہیں۔ انہیں ایکسرسائز سائیکل اور ایل ای ڈی کی سہولت بھی دی گئی ہے، اور وہ روزانہ دو گھنٹے کھلے صحن میں جسمانی سرگرمی کرتے ہیں۔

جیل انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ میں 66 افراد نے عمران خان سے ملاقات کی، جن میں پارٹی رہنما، وکلا اور قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ انہوں نے انتخابات، احتجاجی سرگرمیوں اور آئینی ترامیم سے متعلق جیل سے ہی اہم ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اس دوران ان کے 45 بیانات مختلف میڈیا میں نمایاں خبروں کا حصہ بنے۔

مزید کہا گیا کہ عمران خان گزشتہ دو سال کے دوران بین الاقوامی میڈیا سے بھی رابطے میں رہے اور ملکی میڈیا و اخبارات سے مسلسل مخاطب ہوتے رہے ہیں۔

انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر زیر گردش افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، صرف سنسنی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران خان کے ساتھ جیل میں کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں برتا جا رہا، اور ان کی سیکیورٹی و صحت کے حوالے سے تمام ذمہ داریاں بخوبی ادا کی جا رہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.