’صدر زرداری آئین و پارلیمان محفوظ رہنے کی ضمانت ہیں‘، استعفے کی خبریں بے بنیاد قرار
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شیری رحمان نے واضح کیا کہ صدر زرداری کے استعفے کی اطلاعات محض افواہیں ہیں جنہیں ایک منظم سازش کے تحت پھیلایا جا رہا ہے تاکہ جمہوری نظام کو کمزور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منفی پروپیگنڈے کا مقصد عوام میں انتشار پھیلانا ہے، جس کا کوئی حقیقت سے تعلق نہیں۔
شیری رحمان نے صدر زرداری کو جمہوریت کا مضبوط علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آئینی بالادستی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کی ہے۔ "صدر زرداری نے نہ صرف مشکل حالات میں جمہوری نظام کا دفاع کیا بلکہ اپنی سیاسی بصیرت سے تمام اختیارات پارلیمان کو منتقل کرکے آئینی روایات کو تقویت دی”، انہوں نے مزید کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اتحادی حکومت میں آصف زرداری توازن اور سیاسی استحکام کے کلیدی ضامن ہیں، اور ان کی موجودگی آئین، پارلیمان اور جمہوری اداروں کے تحفظ کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری نے بھی ان قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی تھی، جن میں صدر زرداری کے استعفے کی بات کی جا رہی تھی۔