آپریشن سندورمیں ناکامی کی غیرمنطقی توجیہات پیش کرنا بھارت کی اسٹریٹیجک دور اندیشی میں کمی کا اظہار ہے,فیلڈ مارشل
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے دوران اپنے فوجی مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا، اور اس ناکامی کی غیر منطقی وضاحتیں اس کی اسٹریٹیجک سوچ کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس مکمل کرنے والے مسلح افواج کے افسران سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے جدید جنگی تقاضوں، خطرات اور بدلتی ہوئی نوعیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ موجودہ عالمی و علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذہنی تیاری، عملی فہم، ادارہ جاتی مہارت اور سول-ملٹری ہم آہنگی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت پاکستان کی مضبوط حکمت عملی، مقامی دفاعی صلاحیتوں اور مستحکم اداروں کی بنیاد پر حاصل کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے فوجی تصادم کو دو طرفہ رکھنے کے بجائے دیگر ممالک کو شامل کرنے کی کوششیں سیاسی کمزوری اور غیر ذمہ دارانہ سوچ کی عکاس ہیں۔
فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ بھارت کے جھوٹے بیانات اور خودساختہ نیٹ سیکیورٹی لیڈر بننے کی کوششیں خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی قابل قبول نہیں رہیں، جو بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور ہندوتوا نظریے سے پہلے ہی پریشان ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کی آبادی، عسکری تنصیبات، معیشت یا بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کا شدید، فوری، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر سخت ردعمل دیا جائے گا۔
