سوشل میڈیا پر جعلی اسکیموں کے ذریعے عوام کو لوٹنے والا شخص پکڑا گیا
ملتان: سوشل میڈیا پر جعلی اسکیموں کے ذریعے عوام کو لوٹنے والا گروہ بے نقاب ہوگیا، این سی سی آئی اے نے بڑے سائبر کرمنل کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر لوگوں کو دھوکہ دینے والے ملزم کے خلاف این سی سی آئی اے نے کارروائی کی اور کروڑوں کا فراڈ کرنے والا بڑاسائبر کرمنل پکڑا گیا، ملزم ارسلان کی گرفتاری دنیاپور سے عمل میں آئی جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
این سی سی آئی نے بتایا کہ گرفتار ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی و غیرملکی شہریوں کو لوٹتا رہا، جعلی گیم شوز، رشتے، امدادی اسکیموں کی آڑ میں کروڑوں کا فراڈ کیا گیا۔
متاثرین کو جعلی غیرملکی کرنسی کی ویڈیوز دکھاکر بھاری رقوم بٹوری گئیں، امداد کے وعدے پر سوشل میڈیا صارفین سے ’’ٹیکس‘‘ کے نام پر پیسے وصول کیے گئے۔
این سی سی آئی نے مزید بتایا کہ رشتہ سنٹرز کے ذریعے جعلی پروفائلز بنا کر اعتماد میں لے کر فراڈ کیا جاتا رہا۔
