سینیٹ سے سول سرونٹس ترمیمی بل 2025 متفقہ طور پر منظور

0

سینیٹ اجلاس میں سول سرونٹس ترمیمی بل 2025 متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر بحث میں ارکان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، کم سے کم اجرت میں مزید اضافہ کرنے اور ایف بی آر میں اصلاحات کی تجاویز بھی پیش کیں۔

چئیرمین یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہونے والے سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے سول سرونٹس ترمیمی بل پیش کیا جس کی ایوان نے متفقہ منظوری دے دی۔

یاد ہے کہ 5 جون کو رانا محمود الحسن کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں سول سرونٹس ترمیمی بل کی منظوری دیدی گئی۔ بل میں گریڈ 17 سے بالا سرکاری افسران پر اپنے اثاثے ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بل کے متن کے مطابق گریڈ17 سے بالا افسران اپنے غیرملکی اثاثے اور واجبات بھی ظاہر کریں گے، سرکاری افسران کو بیوی اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے بھی ظاہر کرنا ہوں گے۔

مسودے کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات ایف بی آر کو دی جائیں گی جو پبلک ہوں سکیں گی، معلومات عوامی مفادات اورشخص کی پرائیویسی کا خیال رکھ کر مشتہر ہوں گی، ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، ایڈریس، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کا تحفظ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس کے دوران وزیر قانون نے جب بار کونسل ترمیمی بل پیش کیا تو قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور پی ٹی ائی کے پارلیمانی لیڈر سینیثر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ ہنگامی طور پر بل کو منظور کرنے کی ضرورت نہیں۔ پہلے اس پر قائمہ کمیٹی میں تفصیلی بحث ہونی چاہیے جس پر بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔

وزیر ملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کیا جسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ارکان سینیٹ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کم سے کم اجرت میں مزید اضافے کا مطالبہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.