آزاد کشمیر کے نوجوان کی بہادری سے کینیڈا میں پاکستان کا نام روشن
آزاد کشمیر کے نوجوان کی بہادری سے کینیڈا میں پاکستان کا نام روشن آزاد کشمیر کے نوجوان کی بہادری سے کینیڈا میں پاکستان کا نام روشن
آزاد کشمیر کے نوجوان سعود عباسی نے کینیڈا کے شہر کیلگری میں ایک ایسی بہادری کی مثال قائم کی ہے جو بین الاقوامی سطح پر سراہی جا رہی ہے۔
سعود عباسی، جو اصل میں ڈھیرکوٹ ضلع باغ سے تعلق رکھتے ہیں، کیلگری میں ایک چھوٹا کاروبار چلاتے ہیں۔ ایک شدید سرد دن جب درجہ حرارت منفی 21 ڈگری تھا، پانی کی پائپ پھٹنے سے ایک گھر کا کچن پانی سے بھر گیا۔ اسی دوران ایک گاڑی جس میں تین بچے اور ایک خاتون سوار تھیں، پانی میں پھنس کر ڈوبنے لگی۔
سعود عباسی نے اس موقع پر بغیر کسی تردد کے پانچ فٹ گہرے برفیلے پانی میں چھلانگ لگائی۔ انہوں نے گاڑی کا شیشہ توڑا اور تمام چاروں افراد کو خطرناک حالات سے بچا کر باہر نکالا۔ ان کی اس بے مثال ہمت نے امدادی ٹیموں کو بھی حیران کر دیا۔
اس غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں کیلگری شہر کی حکومت نے سعود عباسی کو سرکاری طور پر "ہیرو آف کیلگری” قرار دیا ہے اور انہیں اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعود عباسی نے اپنے اقدام کے بارے میں بتایا، "میں نے اللہ کا نام لے کر پانی میں قدم رکھا۔ موت میرے سامنے تھی، مگر اللہ کی مدد اور جذبۂ ایمانی نے مجھے سرخرو کر دیا۔”
ان کا یہ کارنامہ نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر کے نام کو عالمی سطح پر روشن کر گیا ہے اور بین الاقوامی میڈیا میں بھی اس کی بڑی تعریف کی جا رہی ہے۔