آزادکشمیر: سول ملٹری اشتراک سے کشمیریوتھ فیسٹیول کا آغاز،افتتاحی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت

آزادکشمیر کے ضلع بھمبر میں کشمیریوتھ فیسٹیول کا آغاز کیا گیا، جس میں سول ملٹری اشتراک سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس آزادکشمیر، راشد حنیف اور سیکرٹری ٹورازم چوہدری عبدالرحمان نے ڈی جی سول ڈیفنس ابرار اعظم اور کرنل اکبر خان کے ہمراہ افتتاحی شاٹ لگا کر کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔
کھلاڑیوں اور شائقین کے جوش و جذبے نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ افتتاحی تقریب میں وزیرِاعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں حکومت کی جانب سے کھیلوں کے شعبے میں اٹھائے جانے والے انقلابی اقدامات کا ذکر کیا گیا۔
سیکرٹری سپورٹس آزادکشمیر، راشد حنیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر حکومت نے سپورٹس کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے ہیں اور آئندہ یونین کونسل سطح پر تمام کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں کھیلوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور حکومت نئے پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے سول ملٹری اشتراک سے ہونے والے اس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری ٹورازم و آرکیالوجی، چوہدری عبدالرحمان نے اس ایونٹ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں ونٹر سپورٹس کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ آئندہ دنوں میں گنگا چوٹی اور تولی پیر پر ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بھمبر سے شروع ہونے والا یہ ایونٹ ریاستی سطح پر بڑھایا جائے گا اور بائیک ریلیز جیسے مزید ایونٹس بھی منعقد کیے جائیں گے۔
بھمبر سٹیڈیم میں ہونے والے اس ایونٹ میں 31 دسمبر تک آزادکشمیر کے 10 اضلاع کی 10 ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوں گے۔ ایونٹ کا مقصد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت آزاد کشمیر بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کے مارچ اور مرد و خواتین شائقین کی بھرپور دلچسپی نے ماحول کو رنگین کر دیا۔ شرکاء نے *پاکستان زندہ باد* کے نعرے لگائے اور مسلح افواج کی خدمات کو سلام پیش کیا۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ سول ملٹری اشتراک سے ہونے والی ایسی کاوشیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بہت اہم ہیں۔ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف ٹیلنٹ کو نکھارتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف بھی مائل کرتے ہیں۔اس ایونٹ کی کامیابی سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی تربیت اور ان کی جسمانی و ذہنی نشونما پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔