*ملتان: کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کاشتکاروں کی تباہی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔*

خالد کھوکھر نے کہا کہ دل کرتا ہے کہ زراعت کا مرثیہ اور جنازہ پڑھوں، کیوں کہ زراعت حکومتی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے اور حکومت نے اسے وینٹی لیٹر پر ڈال دیا ہے۔
خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ حکومت کو کاشتکار کا احساس نہیں، حکومتی نمائندے ٹی وی پر آ کر اپنی کارکردگی بتاتے ہیں، حالاں کہ زراعت کے شعبے میں حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ کاشتکاروں کو کپاس اور گنے کی فصل میں شدید نقصان ہوا ہے، جب کہ اس سال ملتان میں گنے کی فصل کی صرف 16 فی صد کاشت ہوئی ہے۔ زراعت کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے اور ملتان میں کاشتکاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
صدر کسان اتحاد کا کہنا تھا کہ حکومت نے شوگر ملز چلانے کا حکم دے دیا ہے، لیکن بروقت چینی ایکسپورٹ نہ کرنا بدنیتی ہے۔ ملتان میں کاشت کاروں کی پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گنے کا ریٹ گزشتہ سال والا ہی ہے، لیکن پیداواری لاگت کئی گنا بڑھ چکی ہے اور کاشتکاروں کے اخراجات میں بھی کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گندم بدنیتی سے امپورٹ کی گئی، اس معاملے پر جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ گنے کا کاشتکار پریشان ہے اور سوچ رہا ہے کہ اسے اپنی فصل کا کیا ریٹ ملے گا۔



