سوناکشی سنہا کی مبینہ نازیبا تصاویر کا معاملہ، گرفتار ملزم رہا
ممبئی کی عدالت نے گرفتاری کے طریقہ کار میں قانونی نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ مسترد کردیا، پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی مبینہ نازیبا تصاویر کے تنازعے نے نیا رخ اختیار کرلیا، ممبئی کی عدالت نے اس معاملے میں گرفتار شخص کو قانونی تقاضے پورے نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے، تاہم پولیس کی تفتیش بدستور جاری ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ اداکارہ سوناکشی سنہا کی شکایت پر ممبئی کے علاقے باندرہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے دہلی سے تعلق رکھنے والے آریان دیپک جین کو گرفتار کیا۔
پولیس نے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر دینے کی درخواست عدالت میں دائر کی تھی، تاہم عدالت نے گرفتاری کے طریقہ کار میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کی استدعا مسترد کردی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے 14 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 11 منٹ پر دہلی کے علاقے شاہدرہ میں جگت پوری پولیس اسٹیشن کی حدود سے آریان دیپک جین کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو ہوائی جہاز کے ذریعے ممبئی منتقل کیا گیا۔
ممبئی پہنچنے پر باندرہ پولیس نے مجسٹریٹ کی عدالت سے ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست کی، تاہم عدالت نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ دہلی سے ممبئی منتقل کرنے سے قبل گرفتار شخص کو متعلقہ مقامی مجسٹریٹ کے سامنے کیوں پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے اسی قانونی نکتے کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے تین روزہ ریمانڈ کی درخواست منظور نہیں کی اور ملزم کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ ملزم کی رہائی کا حکم گرفتاری کے قانونی طریقہ کار میں خامیوں کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سوناکشی سنہا کی شکایت سے متعلق پولیس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں اور معاملے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



