واشنگٹن: ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے پیش نظر امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں فوجی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے خصوصی فوجی دستوں، طبی عملے اور اسلحے کی تعیناتی شروع کر دی ہے۔
امریکی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی وسائل منتقل کر رہا ہے تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے مزید مؤثر فوجی آپشنز فراہم کیے جا سکیں۔
ایران پر امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکی اسپیشل آپریشنز فورسز اپنے ملکی اڈوں سے مشرقِ وسطیٰ پہنچ چکی ہیں، جبکہ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا اور امریکی حکام نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں کے اسکواڈرن بھی مشرقِ وسطیٰ کے مختلف مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ امریکا اور برطانیہ کے فوجی اڈوں پر موجود بمبار طیاروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائیوں کا دائرہ فوری طور پر وسیع کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی، اسے تباہ کیا جا رہا ہے اور حملے جاری رہیں گے۔