Gas Leakage Web ad 1

امریکی زمینی فوج آئی تو ‘شارک کی خوراک’ بنے گی، ایران کی تباہ کن نتائج کی دھمکی

0

ایران نے امریکی زمینی فوج کی کسی بھی مداخلت کی صورت میں تباہ کن نتائج کی دھمکی دے دی ہے اور کہا ہے کہ اگر امریکا نے زمینی حملہ کیا تو ان کے فوجی شارک مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے۔

Gas Leakage Web ad 2

ایرانی میڈیا کے مطابق خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان انراحیم ذوالفقاری نے خبردار کیا کہ ایسا اقدام امریکی افواج کے لیے شدید ذلت آمیز نتائج کا باعث ہوگا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے زمینی کارروائیوں اور خلیج فارس کے جزائر پر قبضے کی بار بار دی جانے والی دھمکیوں کو حقیقت سے عاری قرار دیا۔

ذوالفقاری نے کہا کہ امریکی قیادت نے فوج کی کمان ایسے فرد کے سپرد کر دی ہے جس کے فیصلوں نے امریکی افواج کو خطرناک صورتحال میں دھکیل دیا ہے، اور خطے میں موجود امریکی فوجیوں کو روزانہ سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق امریکی افواج تباہ شدہ اڈوں سے پسپا ہو چکی ہیں اور علاقائی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، تاہم وہ اب بھی ایرانی حملوں سے محفوظ نہیں ہیں۔

سعودی ولی عہد کے متعلق ٹرمپ کے توہین آمیز جملوں پر مولانا فضل الرحمٰن کا ردعمل سامنے آگیا

ترجمان نے خبردار کیا کہ کسی بھی جارحیت یا قبضے کی کوشش کی صورت میں حملہ آور افواج کو گرفتاری اور مکمل تباہی جیسے نتائج بھگتنا پڑیں گے، اور امریکی کمانڈرز و فوجی خلیج فارس میں شارک مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی امریکی زمینی حملے کی صورت میں امریکی فوج اور خطے میں ان کے اتحادیوں کے لیے تباہ کن نتائج کی وارننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر لاکھوں ایرانی شہری ملکی سماجی طاقت کی عکاسی کرتے ہیں جو دشمن کا مقابلہ کرنے میں براہ راست کردار ادا کرتے ہیں۔

قالیباف نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی مطالبے کو قبول نہیں کرے گا جو ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہو، اور موجودہ تنازع کا نتیجہ مستقبل میں کسی بھی جارح کے لیے سبق بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی عملی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیں گی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے بتایا تھا کہ ہزاروں میرینز کے دستے مشرق وسطیٰ بھیجے گئے ہیں، تاہم انہوں نے زمینی فوج کے حملوں کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے مقاصد زمینی فوج کے بغیر بھی حاصل کر سکتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.