وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹے کی گفتگو کو وفاقی حکومت نے متنازع بنایا ہے۔
خیبرپختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کی گفتگو کا اردو ترجمہ کروایا گیا ہے، اور یہ محض ایک بیٹے کے اپنے والد کے لیے جذبات اور احساسات تھے، جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
اسحاق ڈار سے سعودی ہم منصب کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بیٹے کی جانب سے والد کے لیے ظاہر کی گئی تشویش کو جی ایس پی پلس کے معاہدے سے جوڑ کر غلط بیانی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے معاہدے کی خلاف ورزی وفاقی حکومت خود کر رہی ہے، اور اگر صوبے کی صنعت کام کر رہی ہوتی تو تجارتی خسارہ کم ہوتا۔ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کسان، طالب علم اور ہر فرد مشکلات کا شکار ہے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ میں بھی تکلیف ہے اور ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے خلاف سازش بھی وفاقی حکومت کر رہی ہے، اور کے پی کے صوبے میں جتنے درخت درکار ہیں اس سے بڑھ کر ماحول دوست اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔