کراچی: سندھ کے سینئر وزیر **شرجیل میمن** نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا اور گورنر ہاؤس سے سندھ حکومت کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں لہٰذا **پاکستان پیپلز پارٹی** کی قیادت سے کہتا ہوں کہ وہ وفاقی حکومت سے اس پر جواب طلب کرے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور اس وقت میگا پروجیکٹس کراچی میں بن رہے ہیں، سندھ جو اسکیمیں لا رہا ہے وہ کراچی یا حیدرآباد کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہیں۔
آئی ایم ایف قرض پروگرام، کون کون سے اہم اہداف پورے، کن شعبوں میں ناکامی رہی؟
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کرانے کے لیے کراچی آتے ہیں، جگر کی پیوند کاری کے لیے لوگ ملک سے باہر جاتے تھے لیکن اب سندھ میں آ رہے ہیں، ہمارا ہدف ہے کہ کوئی علاج کے لیے ملک سے باہر نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل پورٹل پر کام کر رہی ہے اور تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی بنانے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں، سندھ میں کسان خواتین کا ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے لیے نئے منصوبے متعارف کرائے جا سکیں، جبکہ سندھ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم ہو چکی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر کی گئی ہے جبکہ سندھ کے تمام اضلاع اور ہائی ویز محفوظ ہیں، 120 پولیس مقابلوں میں 28 ڈاکو مارے گئے اور 56 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو ہدف بنا کر سندھ حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ کراچی میں چیلنجز موجود ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور ٹریفک کے مسائل ہیں، کراچی کی آبادی کا موازنہ شہروں سے نہیں بلکہ ملکوں سے کیا جا سکتا ہے، کچھ لوگ کراچی کو نشانہ بناتے ہیں حالانکہ اس کے اپنے مسائل ہیں، روزانہ ہزاروں افراد ملک بھر سے یہاں آتے ہیں، صحت کی سہولت کے لیے بھی لوگ پورے ملک سے کراچی کا رخ کرتے ہیں، یہاں کے اسپتالوں میں 50 فیصد مریض باہر سے آتے ہیں، ان مریضوں پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں جو سندھ حکومت ادا کرتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہے، **آصف زرداری** کی میٹنگ سے متعلق خبر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، جس طرح رمضان میں چاٹ مصالحہ لگایا جاتا ہے ویسی ہی یہ خبر ہے، زرداری صاحب ہمارے بڑے ہیں اور ڈانٹ سکتے ہیں لیکن جس میٹنگ کی بات کی جا رہی ہے اس میں ایسا کچھ نہیں تھا، صدر آصف زرداری اور **بلاول بھٹو زرداری** بریفنگ لیتے رہتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی وزرا اور گورنر ہاؤس سے سندھ حکومت کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، سیاسی یتیم اب جمع ہو گئے ہیں اور یہی ان کا کام رہ گیا ہے، وفاقی وزرا سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت سے کہتا ہوں کہ وہ وفاقی حکومت سے جواب طلب کرے، وفاقی حکومت ہر وقت پیپلز پارٹی سے مدد مانگتی ہے، ہم وفاقی حکومت کو سپورٹ کر رہے ہیں، اتحادی نہیں ہیں۔