عمران خان کا پمز اسپتال میں آنکھوں کا دوسرا معائنہ کیا گیا جہاں انہیں انجیکشن کی دوسری خوراک دے دی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق انہیں 24 فروری کو اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لایا گیا جہاں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹرئیل انجیکشن کی دوسری ڈوز دی گئی۔
بیرسٹر گوہر ’عمران خان رہائی فورس‘ کی تشکیل روکنے کیلئے میدان میں آگئے
پمز اسپتال کے مطابق انجیکشن دینے سے قبل کارڈیالوجسٹ کنسلٹنٹ نے ایکوکارڈیوگرافی اور ای سی جی کیے جن کے نتائج نارمل آئے۔ اسپتال میں قیام، پروسیجر کے دوران اور بعد میں بانی کے وائٹل سائنز مستحکم رہے جبکہ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
پروسیجر پمز اور شفا آئی اسپتال کے کنسلٹنٹ اوفتھلمولوجسٹ اور کنسلٹنٹ وائٹریو ریٹینل سرجن کی رہنمائی میں انجام دیا گیا۔ یہ عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا اور پروسیجر سے قبل اسپیشلسٹس کے بورڈ نے معائنہ کیا۔
اسپتال اعلامیے کے مطابق معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ضروری ہدایات، فالو اپ مشورے، نسخے اور دستاویزات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔