ایپل کا پاکستان میں آئی فون بنانے کا منصوبہ، وزارت صنعت نے موبائل و الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی تیارکرلی
ایپل کا پاکستان میں آئی فون بنانے کا منصوبہ، وزارت صنعت نے موبائل و الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی تیارکرلی
اسلام آباد: وزارت صنعت و پیداوار پاکستان نے ایپل کے پاکستان میں آئی فون بنانے کے پروگرام کے حوالے سے موبائل و الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پالیسی Apple Inc. کے مطالبے پر تیار کی گئی ہے، جس میں مختلف مراعات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
پالیسی کے تحت ایپل پہلے مرحلے میں پرانے فون سیٹس کی مرمت کر کے برآمد کرے گا، جبکہ ری فرنشڈ آئی فونز کی برآمد سے پہلے سال 100 ملین ڈالر آمدن متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل کمپنی نے رعایتی زمین، 8 فیصد مراعات اور پرانے فونز کی مرمت کی شرط رکھی تھی۔ کمپنی انڈونیشیا، ملائشیا اور بھارت کی طرز پر 2 سے 3 سال پرانے آئی فونز کی مرمت کا منصوبہ رکھتی ہے، اور یہ شرائط نئے موبائل و الیکٹرانکس فریم ورک میں شامل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین کی کمپنیوں سے موبائل مینوفیکچرنگ میں 557 ملین ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے۔ نئی پالیسی کے تحت لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور دیگر الیکٹرانکس مصنوعات میں بھی سرمایہ کاری آئے گی، جبکہ گھڑیاں، ٹریکرز اور ایئر بڈز کی تیاری میں بھی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
پالیسی کے مطابق پہلے سال موبائل پرزہ جات میں مقامی شمولیت 35 فیصد تک بڑھائی جائے گی اور اسے 50 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں موبائل فونز کی مقامی تیاری کا تناسب تقریباً 12 فیصد ہے۔