ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی ممالک کی افواج کو ’’دہشتگرد گروہ‘‘ قرار دے دیا
ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی ممالک کی افواج کو ’’دہشتگرد گروہ‘‘ قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا ردعمل ہے۔ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسداران انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر پاسداران کی سبز وردیاں پہن رکھی تھیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اراکین نے اجلاس میں ’’امریکا مردہ باد‘‘، ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ اور ’’یورپ شرم کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔یورپی یونین کے فیصلے کو ’’غیر ذمہ دارانہ اقدام‘‘ قرار دیتے ہوئے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ’’پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے خلاف جوابی اقدامات سے متعلق قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا‘‘۔