وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد میں کسی بھی جائیداد پر قبضے یا غیر قانونی تصرف کی شکایت درج کرائی جائے تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سات دن کے اندر فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر ضلع میں اسٹروک منیجمنٹ سینٹر قائم کرنے کی منظوری دیدی
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانونی طور پر ملکیتی اثاثے پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا جاتا ہے اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جائیدادوں کے تحفظ کے لیے شفاف، تیز اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے قبضے یا غیر قانونی اقدام کا فوری سدباب ممکن ہو سکے۔
محسن نقوی کے مطابق حکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کے اثاثوں کے تحفظ کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔