خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آپریشن کا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی حکومت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کے انخلا سے متعلق وفاقی حکومت کا مؤقف بے بنیاد ہے۔
امریکا میں نجی طیارہ گر کر تباہ، 8 افراد سوار
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آپریشن کا الزام صوبائی حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے، جبکہ پوری قوم جانتی ہے کہ وادی تیراہ سے عوام آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہیں، اور اس حوالے سے خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وادی تیراہ آپریشن کے معاملے پر اپنا مؤقف متعدد بار واضح کر چکے ہیں، صوبائی اسمبلی کے جرگہ امن میں تمام سیاسی جماعتوں نے آپریشن کی مخالفت کی تھی، جبکہ آپریشن سے قبل خیبرپختونخوا حکومت، سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کے لیے 4 ارب روپے کے اجرا سے متعلق وفاقی حکومت کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے، کیونکہ صوبائی حکومت نے متاثرین کے انخلا اور ریلیف کے لیے بروقت فنڈز جاری کیے تھے۔