اسلام آباد پولیس کے رابری و ڈکیتی یونٹ نے ایک اہم کارروائی میں شہریوں کے قیمتی موبائل فونز چھین کر ان کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرکے افغانستان فروخت کرنے والے منظم گروہ کے 16 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں گینگ لیڈر بھی شامل ہے۔
گرفتاریوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے چھینے گئے قیمتی موبائل فونز، موٹر سائیکلیں، دو وارداتی موٹر سائیکلیں، پانچ پستول اور گولہ بارود برآمد ہوئے ہیں۔
پیراسیٹامول اور آٹزم،ٹرمپ کا دعویٰ سائنسی تحقیق سے غلط ثابت ہوگیا
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق یہ ملزمان اسلام آباد پولیس کو راہزنی، شاپ رابری اور دیگر سنگین جرائم کی 16 وارداتوں میں مطلوب تھے۔ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان جڑواں شہروں میں متعدد وارداتیں کرتے تھے اور چھینے گئے موبائل فونز کو افغانستان فروخت کر دیتے تھے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تحرک جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کے خلاف اپنے ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور منظم و متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔