وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزارت صنعت و پیداوار کا پاکستان اسٹیل میں چوریوں پر ایف آئی اے کو خط
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکی اداروں اینٹی ٹیررسٹ اسسٹنٹس پروگرام اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائے گا۔ بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے جدید سافٹ ویئر متعارف کرایا جائے گا، جبکہ ایف آئی اے، فیڈرل کانسٹیبلری اور سائبر کرائم ایجنسی کے افسران کے لیے تربیتی پروگرامز جاری رہیں گے۔
ملاقات میں بارڈر سیکیورٹی، کوسٹل گارڈز اور دیگر اداروں کو جدید امریکی آلات سے لیس کرنے اور ان کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کا انسداد دہشت گردی ونگ فعال کرنے میں امریکی تعاون اہم ثابت ہوگا، جو وفاقی سطح پر پہلا اینٹی ٹیررسٹ ونگ ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ این سی سی آئی اے ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، اور مالیاتی فراڈ اور دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے لیے جدید سافٹ ویئر کی ضرورت ہے، جس میں امریکی تعاون کلیدی ہے۔
امریکی وفد نے پاکستان کی سکیورٹی تعاون کی کوششوں کو سراہا اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔