جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اور ممتاز عالمِ دین مولانا فضل الرحیم اشرفی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج دوپہر 2 بجے جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کی اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
غیر رجسٹرڈ وی پی این سروسز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
وزیراعلیٰ پنجاب نے مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے بھی ان کی رحلت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ علم کی جو شمع انہوں نے روشن کی وہ ہمیشہ فروزاں رہے گی اور ان کی دینی و مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
معروف عالمِ دین مفتی محمد زبیر نے مولانا کے انتقال کو علمی اور روحانی دنیا کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے اور انہیں ایک مشفق و دلآویز شخصیت کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث، قرآن بورڈ حکومتِ پنجاب کے چیئرمین اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست جیسے اہم عہدوں پر فائز رہے۔