اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جی ٹی روڈ مشن کے تحت اسلام آباد سے لاہور عوامی رابطہ مہم کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان اسلام آباد سے لاہور براستہ جی ٹی روڈ روانہ ہو گی، جہاں مختلف مقامات پر قافلے کو استقبالیہ دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی اے پی کو جی ٹی روڈ پر 4 مقامات بشمول گجرات، گجرانوالہ، شاہدرہ اور لاہور میں داخلے کے موقع پر استقبالیہ دیا جائے گا، جبکہ عوامی رابطہ مہم کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کرے گی۔
عمران خان سے ملاقات کیلئےکوئی بھیک نہیں مانگ رہے، سلمان اکرم راجہ کی بیرسٹر گوہر کے بیان کی تردید
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان مینارِ پاکستان اور داتا دربار کے مزار پر حاضری کے لیے بھی جائے گی اور 3 روز لاہور میں قیام کے دوران رہنماؤں کی جانب سے مختلف تقریبات سے خطاب کیا جائے گا، جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان آج ہونے والے اجلاس میں اس عوامی رابطہ مہم کی حتمی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ اس سے قبل تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی تاہم اب تحریک نے قومی مذاکراتی کمیٹی کی قومی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی مذاکراتی کمیٹی نے اپنی مجوزہ قومی کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان سے رابطہ کر کے شرکت کی دعوت دی تھی، تاہم تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اس کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔