جنوبی یمن کے علیحدگی پسند گروپ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) نے یمن میں جنوبی ریاست کے قیام کے لیے 2 سالہ منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ علیحدگی پسند گروپ نے متنازع جنوبی یمن کے لیے نیا آئین اپنانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ علیحدگی نہیں بلکہ ریاست کی مکمل خودمختاری کی طرف ایک قدم ہے۔ اس کے ساتھ ہی گروپ نے علیحدگی کے حوالے سے ریفرنڈم کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یمن میں ہونے والے ایک فضائی حملے کے نتیجے میں علیحدگی پسند سدرن ٹرانزیشن کونسل کے 7 جنگجو مارے گئے۔ اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ ایس ٹی سی کے عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ایس ٹی سی کی جانب سے صوبہ حضرموت اور المہرہ کے بڑے حصوں پر قبضے کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرموت کے شہر سیئون میں ہوائی اڈے اور ایک فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔