پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ
دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ فہرستیں انڈین ہائی کمشنر کے حوالے کی گئی ہیں اور اس طرح کا تبادلہ سال میں دو مرتبہ کیا جاتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری اور وحدت کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جبکہ مسئلہ یمن کے سفارتی حل کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
جیکی چن غزہ کے بچوں کیلئے آبدیدہ ہو گئے ، ویڈیو وائرل
طاہر حسین اندرابی نے مزید بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے علاوہ بنگلادیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان نے صومالی لینڈ کو اسرائیل کی جانب سے تسلیم کیے جانے کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے صومالیہ کی خودمختاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مل کر اعلامیہ بھی جاری کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کو تبوک کے گورنر اور ازبکستان کے وزیر خارجہ نے ٹیلیفون کیا جس میں دوطرفہ تعلقات اور ازبک صدر کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال ہوا۔ صومالیہ کے وزیر خارجہ نے بھی اس سلسلے میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ترجمان نے بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جلد چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاک چین اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔ افغانستان کے ساتھ سرحد کی بندش کے حوالے سے بتایا گیا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ اپنے شہریوں سے رابطے میں ہے اور طالبان حکام سے بھی رابطہ رکھا گیا ہے، اب تک 1100 سے زائد پاکستانیوں نے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔