اسلام آباد: انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے ایف ایم 95 ریڈیو اور موٹروے پولیس کے سرکاری فیس بک پیج پر براہِ راست ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے شہریوں اور ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے عوامی رابطہ مضبوط بنانے اور فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے ہر ماہ باقاعدگی سے ای کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ بطور انسپکٹر جنرل عہدہ سنبھالنے کے بعد سلطان احمد چوہدری نے پہلی مرتبہ براہِ راست ای کھلی کچہری میں شرکت کی، جو بیک وقت ایف ایم 95 ریڈیو اور موٹروے پولیس کے آفیشل فیس بک پیج پر نشر کی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا آئی ٹی اور ای گورننس کے فروغ پر زور
ای کھلی کچہری کے دوران شہریوں اور ملازمین نے فون کالز کے ذریعے اپنے مسائل بیان کیے، جن پر آئی جی موٹروے پولیس نے متعلقہ افسران کو فوری اور واضح ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح عوام کو بروقت مدد فراہم کرنا اور سفر کو محفوظ اور آسان بنانا ہے، جبکہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی جی سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ موٹروے پولیس اپنی کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث قومی اور بین الاقوامی سطح پر منفرد پہچان رکھتی ہے اور ایسی مثالی فورس کی قیادت کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ شہریوں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کو بھی سراہا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر پولیسنگ اور افسران کی انتھک محنت کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موٹروے پولیس سے بھرپور تعاون کریں اور بالخصوص دھند کے موسم میں جاری کردہ سفری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
شہریوں کو سفر سے قبل ہیلپ لائن 130 یا موٹروے پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس @nhmp سے تازہ ترین سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ ای کھلی کچہری ایک مؤثر، شفاف اور فوری مسائل کے حل کا پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے عوام کو اعلیٰ قیادت تک براہِ راست رسائی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہمات کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ ملازمین کی فلاح و بہبود، ترقیوں اور افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آئی جی سلطان احمد چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موٹروے پولیس عوامی خدمت اور سڑکوں کی حفاظت کے مشن پر تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔