پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہے: وزیراعظم
پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 11ویں برسی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسکول کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء نے وطن کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے ایک کڑی آزمائش تھا۔
گھوٹکی؛ بس سے اغوا کیے گئے 11 مسافر بازیاب، پولیس آپریشن جاری
وزیراعظم نے کہا کہ اس سانحے نے ہمارے دلوں کو غم سے بھر دیا مگر قوم کے حوصلے پست نہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہے اور پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ایک بار پھر دہشتگردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست، سکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔