اسلام آباد: وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج بھی اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود ہمیشہ نواز شریف کی اولین ترجیح رہی ہے اور انہوں نے عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا۔
وزیر مملکت کا یو اے ای دورہ، پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ نواز شریف کی سوچ آج بھی عوام کی بالادستی پر مبنی ہے اور وہ اداروں کی مضبوطی کے خواہاں ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ بہتر سے بہتر طرزِ حکمرانی فراہم کرنے کی کوشش کی، جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں عوامی فلاح کے لیے کوئی قابلِ ذکر منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق آئین اور ریاست کی بالادستی نواز شریف کے وژن کا بنیادی حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن عروج پر رہی، تاہم اب ملک کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ جو شخص ملک اور قوم کی خدمت کا حقیقی جذبہ رکھتا ہے وہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، اور عوام انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف آج بھی پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کے ادوار میں ہمیشہ ملکی استحکام کے لیے کام کیا گیا۔ نواز شریف کے دور میں ایٹمی دھماکے کیے گئے، جس کے بعد کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی موقع ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو آگے لے جایا جائے۔