ٹیکس کے غلط ایس ایم ایس پر ایف بی آر کی وضاحت
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو موصول ہونے والے "ٹیکس ریٹرن فائل کرنے” کے حوالے سے غلط ایس ایم ایس کی معلومات ایف بی آر کی طرف سے جاری نہیں کی گئیں۔
نیشنل گیمز : واپڈا کے سمیع اللہ خان اور فائقہ ریاض پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ بن گئے
ایف بی آر کے مطابق، ہر سال کی طرح اس سال بھی 15 ستمبر 2025 کو پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) سے رابطہ کیا گیا تھا تاکہ 30 ستمبر کی آخری تاریخ سے پہلے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی یاددہانی کرائی جا سکے۔ یہ تمام پیغامات مقررہ تاریخ سے پہلے ہی بھیجے جا چکے تھے۔
تاہم، آج کئی ٹیکس دہندگان نے شکایت کی ہے کہ انہیں مختلف ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے ایس ایم ایس موصول ہوئے ہیں، جن میں انہیں ٹیکس سال 2025 کا انکم ٹیکس ریٹرن 30 ستمبر 2025 تک فائل کرنے کے لیے کہا گیا ہے — حالانکہ یہ تاریخ گزر چکی ہے۔
ایف بی آر نے تصدیق کی ہے کہ ان پیغامات کے اجرا کی اس نے کوئی اجازت نہیں دی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ یہ پیغامات ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں میں کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے غلطی سے بھیجے گئے ہیں۔
ایف بی آر اس معاملے کی تفتیش کر رہا ہے اور پی ٹی اے سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو فوری طور پر حل کریں۔ ایف بی آر نے زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کی بہتر خدمت اور واضح رابطے کے لیے پرعزم ہے۔