کراچی میں نیپا فلائی اوور کے قریب مین ہول میں بچے کے گرنے کے واقعے کے بعد ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے وہاں پہنچنے پر شہری مشتعل ہوگئے۔ شہریوں نے انہیں گاڑی سے اترنے نہیں دیا جس کے باعث وہ بغیر اترے واپس روانہ ہوگئے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نیپا چورنگی پر بچے کے مین ہول میں گرنے کے واقعے پر انہیں گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور کھلے گٹر حکومت سندھ اور میئر کراچی کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد بچے کھلے مین ہولز کا نشانہ بن چکے ہیں لیکن حکومت کی نظر میں سب کچھ ٹھیک ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب کمسن بچہ گزشتہ روز کھلے مین ہول میں گر گیا تھا۔ واقعہ اتوار کی رات 11 بجے پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے تلاش شروع کی مگر بچہ نہیں مل سکا۔ بعد میں ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوائی اور کھدائی جاری ہے۔
کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کی شناخت 3 سالہ ابراہیم ولد نبیل کے نام سے ہوئی، جو اپنے گھر والوں کے ساتھ ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں شاپنگ کرنے آیا تھا۔