لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ اپنے فرنچائز معاہدے اگلے 10 سال کے لیے تجدید کر دیے ہیں۔
لاہور قلندرز نے ای وائی ویلیوایشن کے بعد معاہدے کی تجدید کی ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ قلندرز کی جانب سے معاہدے کی تجدید پی ایس ایل پر اعتماد کا ثبوت ہے اور مالکان نے اپنی فرنچائز کو عالمی برانڈ میں تبدیل کر دیا ہے۔ سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل اگلے سال 11 ویں ایڈیشن سے 8 ٹیموں تک بڑھ جائے گی اور لاہور قلندرز کا جذبہ اور توانائی لیگ کی پہچان ہے۔ انہوں نے قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری کو پاکستان کرکٹ کے لیے نیا خون قرار دیا۔ یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے گزشتہ چار سال میں تین ٹائٹل جیتے ہیں۔
ملک میں عدلیہ کی آزادی، شہری حقوق اور عوام کی سلامتی خطرے میں ہے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان
اسی طرح، پشاور زلمی نے بھی فرنچائز معاہدے کی 10 سال کے لیے تجدید کر دی ہے۔ معاہدے کے تحت زلمی کی ملکیت آئندہ دہائی میں موجودہ مالکان کے پاس رہے گی اور ای وائی ویلیوایشن کے بعد یہ تجدید عمل میں آئی۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ جاوید آفریدی کی قیادت میں زلمی پاکستان کی سب سے مقبول فرنچائز بن گئی ہے اور ان کا ویژن زلمی اور پی ایس ایل دونوں کے لیے مضبوط اساس ہے۔ سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ زلمی کا معاہدہ تجدید کرنا لیگ پر اعتماد کا مظہر ہے، جبکہ ٹیم کی انرجی اور فین کنیکٹ پی ایس ایل کی شناخت ہے۔ پشاور زلمی کو لیگ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹیم قرار دیا گیا ہے اور نئے 10 سالہ معاہدے سے فینز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔