چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا اعلان اسلام آباد سے نہیں بلکہ کشمیر سے ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کارکردگی اور آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے اور عالمی سطح پر ان کی نمائندگی کی ہے۔
سائنسدانوں نے ایسا پینٹ تیار کرلیا جو ائیرکنڈینشر کی ضرورت ختم کردے گا
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ انہوں نے کشمیری عوام کا مؤقف بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کیا، اور ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا، جس سے سیاسی خلا پیدا ہوا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں سب کا کردار واضح تھا، اور پیپلز پارٹی تین نسلوں سے کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو کشمیر کے عوام کی حقیقی نمائندگی کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا کہ وہ کشمیر کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور آزاد کشمیر میں بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت کی مکمل ذمہ داری ان پر ہوگی۔ ان کے مطابق پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے، اور انتخابات سے قبل کا وقت ان کے لیے ایک امتحان ہوگا۔