پاکستان تحریک انصاف نے مئیر کراچی کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنے والے منحرف ارکان سے باضابطہ لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کر دیا۔
عمران خان کیخلاف 9 مئی کے 11 مقدمات کے ٹرائل کا نیا نوٹیفکیشن جاری
پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر اور جنرل سیکریٹری ارسلان خالد کے دستخط سے ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یہ ارکان پہلے ہی پارٹی سے اپنا تعلق ختم کر کے استحکامِ پاکستان پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔ خط میں 31 منحرف ارکان کے نام شامل ہیں جن سے باضابطہ طور پر لاتعلقی ظاہر کی گئی ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منحرف ارکان نے مئیر کراچی کے انتخاب اور کے ایم سی بجٹ میں پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ دے کر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی۔ پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ اس نے مئیر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا، مگر منحرف ارکان نے پارٹی فیصلے کے برعکس عمل کیا۔
پارٹی کے مطابق ان ارکان کی رکنیت 6 جون 2023 کو پارٹی ڈسپلن کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث ختم کر دی گئی تھی۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ نااہلی کے کیس کے فیصلے تک ان ارکان کو آزاد امیدوار کے طور پر تسلیم کیا جائے۔
پی ٹی آئی کراچی نے ایک الگ خط کے ذریعے مئیر کراچی کو بھی ان ارکان سے لاتعلقی کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔