گلگت بلتستان کا امن ہم سب کی ضرورت ، قاضی نثار احمد پر حملہ قابل مذمت ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت (مصئب خالق) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے داریل تانگیر ایکسپریس وے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ داریل تانگیر ایکسپریس وے سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی رفتار اور معیار ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبے میں کنسلٹنٹ کی کارکردگی اور سستی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکم دیا کہ فیز-II کو 31 اکتوبر تک حتمی شکل دے کر متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے۔
صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیر اعلیٰ کو منصوبے کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے پارلیمانی امن کمیٹی اور علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا امن ہم سب کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قاضی نثار احمد پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بھی علمائے کرام اور سول سوسائٹی نے امن و بھائی چارگی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جو قابلِ تحسین ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قاضی نثار احمد نے اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد بھی صبر و تحمل اور امن کا پیغام دیا، جس سے دہشت گردوں کے عزائم ناکام ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، جب کہ سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں