غزہ امن سربراہ اجلاس: وزیر اعظم کی امریکی صدر سے ملاقات، ٹرمپ نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا
غزہ امن سربراہ اجلاس: وزیر اعظم کی امریکی صدر سے ملاقات، ٹرمپ نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا
مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔
غزہ امن سربراہ اجلاس میں 28 ممالک اور بین الاقوامی ادارے شریک ہیں۔ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جبکہ امریکی صدر نے دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
محمود عباس کی وزیراعظم سے ملاقات، غزہ جنگ بندی فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار
اجلاس سے قبل شرم الشیخ کے کانگریس سینٹر پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے قبل فلسطینی صدر محمود عباس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشنیان، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، انڈونیشیا کے صدر، جرمن چانسلر، اسپین کے وزیراعظم، اٹلی کی وزیراعظم اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ غزہ امن سربراہ اجلاس کا مقصد غزہ میں فوری جنگ بندی اور پائیدار امن کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔