لاہور کے بعد کراچی میں مذہبی جماعت کا احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ، مختلف سڑکیں بند
لاہور کے بعد کراچی میں مذہبی جماعت کا احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ، مختلف سڑکیں بند
کراچی: پنجاب کے بعد کراچی میں بھی مذہبی جماعت کی احتجاجی کال کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پیش آئے، جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نیو کراچی کے نالہ اسٹاپ پر مذہبی جماعت کے کارکنوں نے احتجاج کیا، اس دوران مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور شیشے توڑ دیے۔ نارتھ کراچی فور کے چورنگی پر بھی سڑک بلاک ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا۔
حکومت پنجاب ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے، طاقت مسئلے کا حل نہیں، لیاقت بلوچ
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی، سندھ ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔ پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں، خصوصاً مریدکے میں بھی کشیدگی برقرار رہی جہاں پولیس اور رینجرز نے آپریشن کرکے جی ٹی روڈ کو کلیئر کروالیا۔ لاہور میں بھی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کئی اہم راستے بند کر دیے گئے، جبکہ اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس معطل ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق داروغہ والا سے سلامت پورہ، ایوان عدل سے پی ایم جی تک، شنگھائی پل، کرول گھاٹی رنگ روڈ اور چونگی امر سدھو سمیت متعدد سڑکیں بند ہیں۔ اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ، اسکیم موڑ، یتیم خانہ چوک اور سمن آباد کے راستوں پر بھی ٹریفک معطل ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانا اور سڑکیں بند کر کے عوام کو یرغمال بنانا توہینِ مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال تک غزہ میں ظلم ہوتا رہا تو کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، مگر جب جنگ بندی ہوئی تو احتجاج شروع ہوگیا، وقت آ گیا ہے کہ مذہب کے نام پر تشدد کا سلسلہ بند ہو۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ممکنہ احتجاج کے باعث صورتحال کشیدہ ہے۔ فیض آباد ڈبل روڈ کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری داخلی و خارجی راستوں پر تعینات ہے۔ شہریوں کو چوتھے روز بھی ٹریفک جام اور تاخیر کا سامنا ہے۔