اسرائیل کا صدر ٹرمپ کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کا اعلان

اسرائیل کا صدر ٹرمپ کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کا اعلان

0

یروشلم: اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز “اسرائیلی صدارتی میڈل آف آنر” عطا کریں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کو یہ اعزاز غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیل و حماس کے درمیان جنگ کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر دیا جا رہا ہے۔

صدر ہرزوگ نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی انتھک کوششوں کے باعث نہ صرف یرغمالیوں کی محفوظ واپسی ممکن ہوئی بلکہ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں سلامتی، تعاون اور پائیدار امن کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے باعثِ فخر ہوگا کہ وہ صدر ٹرمپ کو یہ اعزاز پیش کریں۔
وزیراعظم غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کیلئے مصر پہنچ گئے
اعلان کے مطابق یہ ایوارڈ آئندہ چند ماہ میں باضابطہ طور پر دیا جائے گا۔ صدر ہرزوگ پیر کے روز اسرائیل میں صدر ٹرمپ کو اس فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

صدر کے دفتر کے مطابق “اسرائیلی صدارتی میڈل آف آنر” ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ریاستِ اسرائیل یا انسانیت کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہوں۔ اس سے قبل 2013 میں یہ اعزاز سابق امریکی صدر بارک اوباما کو بھی دیا جا چکا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت مشرقِ وسطیٰ کے دورے پر اسرائیل میں موجود ہیں جہاں وہ امن منصوبے کے تحت اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے اور یرغمالیوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کریں گے۔ بعد ازاں وہ مصر میں عالمی امن اجلاس میں شریک ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.